جنرل باجوہ سے اختلاف کرنے والوں پر کیا مظالم ڈھائے گئے؟ملیحہ ہاشمی کاانکشاف

13bajwastorymaleeha.jpg

صحافی و اینکر پرسن ملیحہ ہاشمی نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ کی مظالم کی داستانیں سنادی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ ترین وی لاگ میں صحافی و اینکر پرسن ملیحہ ہاشمی نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جس نے بھی اختلاف کیا اس کو سزا کا سامنا کرنا پڑا، کس کی پنشن ، مراعات روک دی گئیں، کچھ لوگوں کا کورٹ مارشل کردیا گیا، کچھ لوگوں کو نوکری سے نکال دیا گیا ، لیکن ایک ایسےشخص کا بھی کورٹ مارشل کیا گیا باجوہ صاحب کا جو فوجی نہیں بلکہ سویلین شخص تھا،اس شخص کا نام حسن عسکری تھا۔


ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ حسن عسکری نے ڈیڑھ سال قبل جنرل باجوہ اور تمام کور کمانڈرز کو ایک خط لکھا جس میں فوج کے اندر کی کرپشن کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے، باجوہ صاحب نے اس خط پر حسن عسکری کا کورٹ مارشل کروایا اور اسے ساہیوال جیل میں پھینکا گیا،پہلے اسے 2 سال کی سزا دی گئی بعد میں اس سزا کو باجوہ صاحب کی خصوصی ہدایات پر 5 سال تک بڑھادیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن عسکری کو جب عدالتی حکم کے بعد ساہیوال جیل سے راولپنڈی منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تو کچھ گاڑیاں آئیں اور ان میں موجود لوگوں نے حسن عسکری کو واپس ساہیوال جیل میں پھینکوادیا۔

ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ روز آرمی میں تقرر و تبادلے کیے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل بابرافتخار کو کور کمانڈر کراچی لگادیا گیا اور میجر جنرل احمد شریف کو نیا ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کردیا گیا۔

ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر بھی ایک اچھے انسان ہیں تاہم وہ ایک غلط عہدے میں پھنس گئے تھے اوپر سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اتنی غیر ذمہ دارنہ اور غیر منطقی قسم کی پالیسی کی سمت تھی کہ جن کو فالو کرتے کرتے ادارہ اس مقام تک آگیاکہ باجوہ صاحب کے دور میں غلط اور فضول باتوں پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے کو استعمال کروایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 25 نومبر کو جنرل قمر جاوید باجوہ ایک اہم تقرری کرکے گئے تھے نعمان زکریا کو کور کمانڈر چکلالہ تعینات کیا گیا ، چکلالہ یا راولپنڈی کا کور کمانڈر کشمیر کو بھی دیکھتا ہے اور سیاچن بھی اسی کور کے نیچے آتا ہے، باجوہ صاحب نے یہ تقرری اس لیے کی ان کاخیا ل تھا کہ اگر مستقبل میں میرے خلاف کوئی معاملہ کھڑا ہوتا ہے تو نعمان زکریا اسے سنبھالیں گے۔

ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ جنر ل عاصم منیر نے آرمی چیف کا عہدہ سنبھالتے ہی اس تعیناتی کو منسوخ کردیا اور نعمان زکریا کو چیف لاجسٹکس لگادیا ،جنرل عاصم منیر جس بھی جگہ گفتگو کرتے ہیں وہ یہی کہتے ہیں کہ آرمی کا بطور ادارہ جو تشخص خراب ہوا ہے ہم نے اس کو بحال کرنا ہے اور عوامی اعتماد دوبارہ سے جیتنا ہے۔

ملیحہ ہاشمی نے کہا ہے کہ نومنتخب آرمی چیف کی جانب سے ماضی کی متعدد تقرریوں اور تبادلوں پر نظر ثانی کی جارہی ہے، اور کہا جارہا ہے کہ چیزوں کی تصحیح کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم امید کرتے ہیں اعظم سواتی کو ایک اور ارشد شریف نہیں بنایا جائے گا۔

انہوں نے سینیٹر اعظم سواتی کے حوالے سے بھی وی لاگ میں گفتگو کی اور کہا کہ آج صبح اعظم سواتی کو دل کی تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد انہیں صبح 4 بجے ہسپتال منتقل کیا گیاجبکہ ساڑھے 7 بجے بلوچستان کی پولیس آتی ہے اور انہیں گرفتار کرکےکوئٹہ لے جاتی ہے اور انہیں سب سے بدترین جیل میں رکھا جائے گا،اعظم سواتی کا قصور صرف اتنا ہے کہ انہوں نے رجیم چینج کے معاملے پر جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار پر بات کی اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے اثاثوں کی تفصیلات بتائیں۔