جہانگیر ترین،عمران خان دوست تھےان کو آپس میں بات کرنی چاہیے:اسحاق خاکوانی

ishaq-khakwani.jpg


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کو آپس میں بات کرنی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق خاکوانی نے کہا کہ آج جہانگیر ترین کی گروپ کا اجلاس ہے، 5 یا 6 دن تک جہانگیر ترین وطن واپس آ جائیں گے، جہانگیر ترین اور عمران خان دوست تھے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان دوست تھے، ان کو آپس میں بات کرنی چاہیے تھی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف میں منفی کردار ادا کیا ہے۔ترین گروپ کے رہنما نے مزید کہا کہ سابق سینئر وزیر پنجاب علیم خان خود ہی ترین گروپ میں آئے اور دو، چار گھنٹے بھی اپنے فیصلے پر مستحکم نہیں رہ سکے۔

واضح رہے کہ 10 مارچ کو پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے ترین گروپ کے فیصلے سے علیحدگی اختیار کر لی۔علیم خان نے ترین گروپ سے علیحدگی کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے مطالبے پر کیا۔

نجی چینل جی این این کے مطابق عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان گروپ الگ ہے، ہم نے جہانگیرترین گروپ میں شمولیت اختیار نہیں کی۔علیم خان گروپ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی ہمارا مطالبہ نہیں، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اورساتھ رہیں گے۔