حالات بدل چکے،اب لوگ پوچھتے ہیں پاکستان میں کھانا کہاں جا کر کھائیں:سیمی

deran-sami-psl3-e1551159026512.jpg


پہلے لوگ پوچھتے تھے پاکستان جانا محفوظ ہے؟ اب پوچھتے ہیں پاکستان میں کھانا کہاں جا کر کھائیں، ڈیرن سیمی

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کرکٹر ڈیرن سیمی نے کہا کہ پہلے لوگ ان سے پوچھا کرتے تھے کہ کیا پاکستان جانا محفوظ ہے؟ لیکن اب لوگ پوچھتے ہیں کہ پاکستان جا کر کھانا کہاں سے کھانا چاہیے؟

ڈیرن سیمی نے مزید کہا کہ کرکٹ کی فیلڈ کے ماہرین بھی کہتے ہیں کہ جب پاکستان محفوظ ہے تو پھر ہمیں اعتماد کرنا چاہیے۔ میں تو گزشتہ 6سال سے یہاں آ رہا ہوں میرا تو تجربہ ہمیشہ اچھا ہی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے اس طرح کے فیصلے سے مجھے مایوسی ہوئی ہے۔


انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں بھی تو حملے ہوتے ہیں، آسٹریلیا میں بھی ایسے ناخوشگوار واقعات سامنے آ چکے ہیں ان پر کوئی کیوں بات نہیں کرتا؟ سیمی نے کہا کہ دنیا کے ہر ملک میں ایسے واقعات ہو چکے ہیں لیکن ان پر کوئی بات نہیں کرتا۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے ان خیالات کا اظہار نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ شیڈول ہونے والی کرکٹ سیریز منسوخ کرنے پر کیا ہے۔ کیونکہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے کچھ دیر قبل دورہ منسوخ کر کے واپس چلی گئی ہے۔

کیویزکرکٹ ٹیم کے واپس جانے پر دنیا بھر سے کرکٹ فینز کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔