قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی شاندار کارکردگی جاری ہے،حسن علی ایک سال کے دوران ٹیسٹ میچ میں پانچ مرتبہ پانچ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے یہ کارنامہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران انجام دیا،حسن علی نے بنگلادیش کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جس میں انہوں نے شادمان اسلام، لٹن داس، یاسر علی، ابوجاوید اور عبادت حسین کی وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی کی شاندار بولنگ کے باعث بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگ میں 330 رنز پر پویلین لوٹ گئی،کرکٹ ایکسپرٹ کے مطابق 1993 کے بعد سے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کے لیے بہترین سال رہا ہے جس میں پاکستانی فاسٹ بولرز اب تک 95 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، اس سے قبل 1993 میں پاکستانی بولرز نے ایک سال میں 99 وکٹیں لی تھیں۔
کرکٹ ایکسپرٹ مظہر ارشد کا کہنا ہے کہ اس سے قبل عمران خان نے 1982 اور وقار یونس نے 1990 نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا،قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس 1993 میں بھی یہ اعزاز پاچکے ہیں،پاکستان کی جانب سے وہ واحد فاسٹ بولر ہیں جو ایک سال میں 6 مرتبہ پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔
دوسری جانب چٹانگ گانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں تین سو تیس رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے، لٹن داس نے ایک سو چودہ اور مشفیق الرحیم نے اکیانوے رنز اسکور کیے ہیں،فاسٹ بولر حسن علی نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے۔