حکومت عوام کو انصاف دلوانے آئی تھی یا آئی ایم ایف کو ؟ اطہر کاظمی

athair111.jpg

صحافی و اینکر پرسن اطہر کاظمی نے کہا ہے کہ یہ حکومت پاکستانیوں کو انصاف دلوانے کیلئے اقتدار میں آئی ہے یا آئی ایم ایف کو انصاف دلوانے کیلئے؟

جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے اطہر کاظمی نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عمران خان حکومت کو گرانے کیلئے کیے جانے والے دعوؤں کا پول کھول دیا۔

حکومت کی جانب سے سرکاری افسران اور حکومتی اراکین کو ملنے والے فیول اور دیگر مراعات میں کٹوتی کے فیصلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹوتی سے عام آدمی کی زندگی پر کیا فرق پڑے گا؟ مڈل کلاس لوگوں کا ان فیصلوں سے کیا تعلق؟

انہوں نے کہا کہ یہ تو مراعات ہیں جو عوام کی جیبوں سے پیسے لے کر سرکاری لوگوں کو دی جاتی ہے، اگر اس میں کوئی کٹوتی ہوتی ہے تو عام آدمی کو اس سے کیسے ریلیف مل سکتا ہے؟

صحافی و اینکر پرسن نے کہا کہ اصولی طور پر بلا تفریق سب کا فیول اور مراعات کم ہونی چاہیے، جرنیلوں ، ججز ، بیوروکریٹس سب کیلئے کٹوتی ہونی چاہیے کیونکہ ان سب کی مراعات کیلئے پیسہ پاکستانی عوام کی جیبوں سے جاتا ہے۔

اطہر کاظمی نے کہا کہ یہ حکومت کہتی ہے کہ ہمیں پیٹرول کی قیمت بڑھانی پڑرہی ہے کہ اور عمران خان آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے چلے گئے ہیں جس میں لکھا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانی ہے تو میرا سوال ہے کہ یہ حکومت آئی ایم ایف کو انصاف دلوانے کیلئے آئی تھی یا پاکستانیوں کو ؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں یہ لوگ کہتے تھے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا کیوں؟ اسٹیٹ بینک کے قانون سے متعلق کہا کہ یہ ملکی سالمیت کے خلاف ہے، اب انہوں نے 2 دنوں کے اندر اپنے بچوں کا سیاسی مستقبل محفوظ کرنے کیلئے نیب اور انتخابی ترامیم بل تو منظور کرلیے مگر آئی ایم ایف کے حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں کی۔
https://twitter.com/x/status/1533111054384898049
اطہر کاظمی نے کہا کہ اس وقت حل یہ ہے کہ پاکستانی عوام کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی جائے مگر مجھے نہیں لگتا اس حکومت کی ترجیح میں عوام کا کہیں نام و نشان بھی ہے۔