حکومت نے مختلف علاقوں میں تیل و گیس کی دریافت کیلئے لائسنس جاری کردیئے

hami1i2231.jpg


وفاقی حکومت نے پنجاب کے شہر اٹک اور بلوچستان کے علاقے لورا لائی میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کیلئے کمپنیوں کو لائسنس جاری کردیئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آبا دمیں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرنے کیلئے لائسنس دینے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر توانائی حماد ا ظہر سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران جن کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے لائسنس جاری کیے گئے ان کے ساتھ معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے، پیٹرولیم ڈویژن نے بتایاکہ اٹک اور لورالائی میں 2 کنوؤں کی دریافت کیلئے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرنے کی کوشش کی جائے گی ان علاقوں میں سالانہ30 ہزار ڈالر فلاحی کاموں پر خرچ کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک میں معدنی وسائل، تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں، ذخائر کی دریافت میں کامیابی سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی جائے گی، آئندہ چند ماہ کے دوران حکومت آف شور ایکسپلوریشن لائسنسز بھی جاری کردے گی۔