حکومت کا نیب قوانین میں ترامیم کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطے کا فیصلہ

11nabordasad.jpg

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترامیم کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیب قوانین میں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کرلیا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے کرنے کے فرائض سونپ دیئے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا جبکہ حکومتی ٹیم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر ترامیم پر کام کرے گی اور جن ترامیم پر اتفاق ہو گا اس کو ایکٹ کے لئے بل میں شامل کیا جائے گا۔


دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے، پوری دنیا میں اس وقت مشکل حالات ہیں، کورونا نے پوری دنیا کی معیشت متاثر کی اور خطے کے حالات تبدیل ہورہے ہیں، ہمارے ملک کی سمت درست ہوچکی، ہماری قوم کی خوداری میں اضافہ ہواہے، وزیراعظم کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں وہ صرف اور صرف اپنی قوم اور ملک کا سوچتا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1449788205734064128
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دور میں صرف دو پارٹیوں نے حکومت کی ہے ،کوئی ایسا قومی ادارہ نہیں چھوڑا تھا جو منافع میں ہو، پی ٹی آئی حکومت میں صوابی کے عوام کو شناخت ملی، پہلی بار پختونوں کو قومی حکومت ملی ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ میرا مشن ہے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کروں گا، بیس کروڑ روپے کی لاگت سے کھیلوں کے میدان بنائیں جائیں گے۔