حکومت کا گھی، کوکنگ آئل اور اسٹیل سیکٹر کیلئے ٹیکس ریلیف دینے کا فیصلہ

4.jpg


وفاقی حکومت نے گھی ، کوکنگ آئل اور اسٹیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے ٹیکس ریلیف دینے کا اعلان کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک جانب ان شعبوں کو ٹیکس ریلیف دیا ہے تو دوسری جانب غیر رجسٹرڈ صنعتی و کمرشل صارفین کے خلاف شکنجہ مزید سخت کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومت نے اسٹیل سیکٹر، کوکنگ آئل اور بناسپتی گھی کی سپلائی پر عائد کی گئی ایک فیصد اضافی ٹیکس کی چھوٹ دیدی ہے ، ایف بی آر کی جانب سے 2 نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، ایک نوٹیفکیشن کے مطابق 12 جون 2013 کو جاری کیے جانے والے ایس آر او کی جگہ اب نئے ایس آر او کے مطابق ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔

دوسرے نوٹیفکیشن میں ایف بی آر کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور ایف بی آر کی ایکٹیو پیئر لسٹ میں شامل نہ ہونے والے صنعتی اور کمرشل صارفین کی جانب سے بجلی اور گیس کے استعمال پر 5 سے 17 فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق غیر رجسٹرڈ صنعتی صارفین پر بجلی و گیس کے استعمال پر 17 فیصد جبکہ کمرشل بجلی و گیس کے استعمال پر 5 فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق غیر رجسٹرڈ کمرشل صارفین کے 10 ہزار روپے تک ماہانہ بجلی و گیس کے بلوں پر اضافی 5 فیصد، 10 ہزار ایک روپے سے 20 ہزار روپے تک کے بلوں پر 7 فیصد، 20ہزار ایک روپے سے 30 ہزار تک کے بلوں پر 10 فیصد جبکہ 30 ہزار ایک روپے سے 40 ہزار کے بلوں پر 12 فیصد تک کا اضافی ٹیکس عائد کی جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق 40 ہزار ایک روپے سے 50 ہزا ر وپے تک کے بلوں پر 15 فیصد، پچاس ہزار ایک روپے یا اس کے زائد 17 فیصد تک کا ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کا جن بے قابو ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نہ رکنے والے اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔