خیبرپختونخوا ایک قدم آگے:ای سمری سسٹم متعارف کروانے والا پہلا صوبہ بن گیا

e-kpk-mehmod-khan.jpg


خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں پاکستان کا پہلا ای سمر ی سسٹم متعارف کرواکے باقی تمام صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ای گورننس سسٹم میں مزید آگے بڑھتے ہوئے آٹو میشن ای سمری سسٹم متعارف کرواکے خیبر پختونخوا کو اس سہولت والا پہلا صوبہ بنادیا ہے۔

اس حوالے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے باضابطہ طور پر ای سمری سسٹم کااجراء کیا اور اس سسٹم کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کی ہدایات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ای سمری سسٹم کی تخلیق،پراسس، منظوری اور جائزے سمیت تمام معاملات آٹومیشن نظام کے تحت سرانجام دیئے جائیں گے، اس کام کیلئے باقاعدہ ایک موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کرلی گئی ہے، سسٹم کے اہم فیچرز میں نوٹیفکیشن، الرٹس، سمری، کیو آر کوڈ، نوٹ ، پیرا مینجمنٹ اور آڈیو ویڈیو ہائی لائٹس شامل ہیں۔

اگر کسی بھی جگہ کسی سمری کے پراسس میں کوئی تاخیر سامنے آتی ہے تو اس آٹومیٹک طریقے سے ایک الرٹ جاری ہوجائے گا جس سے متعلقہ حکام کو اطلاع مل جائے گی۔

ای سمری سسٹم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا،

کہ اس نظام کو متعارف کروانے کا مقصد سرکاری امور کی رفتار کو تیز کرنا، وقت کی بچت اور سمریوں کے معیار کو بہتربنانا ہے، ہماری حکومت ای سمری سسٹم سے قبل ای پیمنٹ،ای بلنگ،ای بڈنگ اور ای ٹینڈرنگ جیسے نظام متعارف کرواچکی ہے۔