دعازہرہ کے شوہر ظہیر کی درخواست پر پراسیکیوٹر جنرل کو توہین عدالت کا نوٹس

dani1h1h1.jpg


سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کے شوہر ظہیر احمد کی درخواست پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ فیض ایچ شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کم عمر لڑکی کا لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے کے کیس میں ظہیر احمد کی پراسیکیویشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ظہیر احمد کے وکیل نے کہا کہ جسٹس محمد جنید غفار کا 6 جون کا فیصلہ پڑھ لیا جائے، پراسیکیوٹر جنرل سندھ جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ عدالت کی عزت اور وقار کا مسئلہ ہے، پراسیکیوٹر جنرل سندھ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

وکیل نے مزید دلائل میں کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کا بیان عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا تھا کہ نکاح پنجاب میں ہوا، یہاں قانون لاگو نہیں ہوتا۔

سندھ چائلڈ میرج قانون اس کیس پر لاگو نہیں ہوتا، تفتیشی افسر نے کیس میں کم عمری میں شادی کی دفعات لگا دی ہیں۔ درخواست میں پراسکیوٹر جنرل سندھ، تفتیشی افسر سعید رند کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ فیض ایچ شاہ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے فیض ایچ شاہ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔