دعوے ہزارنتیجہ صفر،ایف بی آر اسلام آباد میں بھی ٹیکس چوری روکنے میں ناکام

6janfbr.jpg

ٹیکس کلچر کو فروغ دینے اور ٹیکس کلیکشن میں اضافے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کروڑوں روپے سے جاری اشتہاری مہم کا مثبت نتیجہ نہ نکل سکا، انتظامیہ اسلام آباد میں بھی بڑے ریسٹورینٹس پر کمپیوٹرائزڈ رسید دینے کی پالیسی پر عمل درآمد نہ کرا سکی۔

صحافی صدیق جان نے ایف بی آر کی ناقص کارکردگی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر اس وقت عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کروڑوں کی میڈیا مہم چلا کر دعوے کررہا ہے کہ بڑے بڑے بزنسز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جارہا ہے حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے میں ایف سیون اور ایف ایٹ کے دو بڑے ریسٹورنٹس پر جانے کا اتفاق ہوا، دونوں جگہ صرف کیش لیا گیا۔ دونوں سے جب پوچھا کہ کارڈ نہیں چلتا تو جواب ملا جی نہیں، ایک نے تو کمپیوٹرائزڈ رسید بھی نہیں دی، ایف بی آر اور اسلام آباد انتظامیہ اگر اس شہر میں بے بس ہیں تو باقی شہروں میں کیا حالات ہوں گے؟ اس لیے مہربانی کرکے میڈیا مہم پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ برباد نہ کریں۔

https://twitter.com/x/status/1475822889651822596
ایک صارف کی جانب سے اعتراض کیا گیا کہ آپ نے ریسٹورینٹس کا نام کیوں نہیں لکھا جس کے جواب میں صدیق جان نے ٹویٹ کیا کہ مجھے نام لکھنے میں کوئی ایشو نہیں، ایک کابل ریسٹورنٹ ایف سیون اور دوسرا بٹ کڑاہی ایف ایٹ جو مین پر ہے، نام لکھ دیے ہیں، اب ایف بی آر یا متعلقہ محکمے کے لوگ جاکر کمیشن لے لیں گے، اور کچھ نہیں ہوگا، کرپشن نہ ہوتی تو ٹیکس کلیکشن اتنی کم نہ ہوتی۔

https://twitter.com/x/status/1475827791212032003
واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) پر بھرپور مہم جاری ہے جو تمام ٹی وی چینلز پر نشر بھی کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ کے بیچ میں لایا جاسکے۔

ایف بی آر نے پی او ایس کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں موجود پی او ایس سےمنسلک ریٹیل آؤٹ لیٹس سے خریداری کا انتخاب کرنے والے صارفین میں کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں انعامات کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔

https://twitter.com/x/status/1470365045909561355
ایف بی آر کے مطابق انعامی اسکیم کا مقصد سیلز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شفافیت اور ریونیو چوری کے تدارک کو یقینی بنانا ہے۔ اس سے یہ امر بھی یقینی ہو گا کہ پوائنٹ آف سیل پر صارفین سے وصول کیا گیا ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع ہو۔

ایف بی آر کےاس جدیداقدام کے ذریعے ریونیو میں خاطر خواہ اضافے کی توقع ہےکیونکہ اس سے ٹیکس چوری پر قابو پانےکےساتھ ریٹیلرز کی جانب سے اپنی سیلز کو مخفی رکھنےمیں بھی کمی آئے گی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ صارفین ایف بی آر کی ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے خریداری کی رسید کی تصدیق کر کے یا انوائس نمبر 9966 پر ایس ایم ایس کر کے قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ایف بی آر نےاس سلسلےمیں عوام کی آگاہی کے لیےملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مہم شروع کر رکھی ہے۔