متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے500 کلو گرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مقامی پولیس نے اتوار کے روز خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے 500 کلوگرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
دبئی پولیس کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی مالیت پچاس کروڑ اماراتی درہم یعنی 23 ارب روپے پاکستانی سے زیادہ ہے۔ پولیس فورس نے اس کارروائی کو خطے میں منشیات کے خلاف سب سے بڑی کارروائی قرار دیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس آپریشن کے دوران منشیات فروشی میں ملوث عالمی گروہ کے کارندے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ منشیات کی بھاری مقدار مال بردار کنٹینر کے پینل میں چھپا کر لائی گئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ منشیات والے کنٹینر کو امارات کے ایک گودام میں پہنچا دیا گیا تھا، بعد ازاں ملزم کو گرائینڈر سمیت بجلی کے اوزار خریدتے دیکھا گیا، جب اس کا پیچھا کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اُس نے اوزاروں سے کنٹینر کو کھولنے کا پلان بنایا تھا۔
دبئی بندر گاہ آمد کے حوالے سے پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس نے اپنی ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا۔ پولیس نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کی کارروائی کو ’آپریشن بچھو‘ کا نام دیا۔
محکمہ انسداد منشیات متحدہ عرب امارات جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل خالد بن معیز نے کہا ہے کہ پولیس نے گودام پرچھاپہ مارا اوراس مشتبہ شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر منشیات قبضے میں لے لی ہے۔ دبئی پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی البتہ اُس کا تعلق مشرقِ وسطیٰ سے بتایا گیا ہے۔