رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی ترقی میں کتنااضافہ ہوا؟

economy-grows11.jpg


رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کےدوران معاشی ترقی 5فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، دوسری جانب مہنگائی کی شرح میں اضافہ اگلے ماہ بھی جاری رہے گا۔

رپورٹ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون اور عالمی مالی کو ملکی معیشت کیلئے ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ معاشی بحالی کے باوجود اومی کرون کیسز میں اضافہ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیرونی مالی دباؤ جیسے چیلنجز موجود ہیں۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی شرح نمو 5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے حالانکہ سال 2021-2022 میں معاشی نمو کا سالانہ ہدف 4اعشاریہ 8 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ میں شامل کیے گئے اعدادوشمار پریشان کن ہیں جن کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 12اعشاریہ3 فیصد رہی جبکہ آنے والے مہینوں میں بھی یہ شرح ڈبل ڈیجٹ میں ہی رہنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہے، تاہم امید ہے کہ کچھ مہینوں بعد قیمتوں میں اضافے کا یہ زور ٹوٹ جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق صنعتی پیداوار میں 3اعشاریہ 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 2اعشاریہ25 ارب ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد ذخائر22اعشاریہ35ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔