رکشہ میں سوار خاتون سےبدتمیزی،عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا

8.jpg

لاہور سیشن کورٹ نے یوم آزادی کے موقع پر رکشہ میں سوار خاتون سے نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

تفصیلات کے مطابق رکشہ میں سوار خاتون سے نازیبا حرکات کرنے والے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ کے روبرو پیش کیا گیا۔ ملزمان عبدالرحمان ٫عثمان٫ عاطف اور عرفان نے اپنے وکلاء کی وساطت سے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت خارج کر دی۔

پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی اور کہا چاروں ملزمان نے رکشہ ‏میں بیٹھی لڑکی سے نازیبا حرکات کی تھیں، پولیس کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی نے ملزمان کو جیل میں جا کر شناخت کیا تھا مقدمہ درج ہونے پر ملزمان کو ‏پولیس نے گرفتار کیا۔ ‏

واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر رکشے میں موجود خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ویڈیو سامنے آئی تھی ، ‏جس میں اوباش نوجوان رکشے میں سوار خواتین کو ہراساں کرتے رہے۔

لاری اڈا پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی تھی۔