ریڈ زون میں یہ احتجاج کرتے تو وہاں لاٹھی چارج,شیلنگ ہوتی: رانا ثناء اللہ

rana-sanaa-and-rezone-pti-pr.jpg


وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن نے ثابت کردیا تحریک انصاف ایک فارن فنڈڈ پارٹی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے یہ گفتگو جیو نیوز کے پروگرام "کیپٹل ٹالک" میں کی اور کہا 2 دنوں میں وفاقی کابینہ فارن فنڈنگ سےمتعلق الیکشن کمیشن کےفیصلے پر سپریم کورٹ ڈیکلیئریشن بھیجنے کی باضابطہ منظوری دے گی۔


انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) سمیت تحقیقاتی ایجنسیاں تحقیقات کریں گی اورمنی لانڈرنگ و دیگر جعلسازی کے معاملات پر کارروائی کریں گی،اگر صدر مملکت عارف علوی اس معاملے میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے، عارف علوی کو اخلاقی طور پر خود مستعفیٰ ہوجانا چاہیے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ان کے احتجاج کے حوالے سے میری تجویز تھی کہ طاقت سے روکا جائے، میری تجویز منظور ہوئی،اگر آج یہ کسی ایڈونچر کی کوشش کرتے تو ناکام رہتے، پی ٹی آئی نے نادرا چوک میں احتجاج کیلئے درخواست دی، حکومت نے مسترد کرکےایف 9 پارک میں احتجاج کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریڈ زون میں یہ احتجاج کرتے تو وہاں لاٹھی چارج اور شیلنگ ہوتی، اس کے نتیجے میں جو بھی نقصان ہوتا اس کے ذمہ دار عمران خان خود ہوتے۔