سابق چیف جسٹس ثاقب نثار چیئرمین نیب کا عہدہ قبول کریں گے؟انکا ردعمل آ گیا

nab-saqib-nisar.jpg


سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی چیئرمین نیب کے عہدے میں عدم دلچسپی

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے واضح کردیا کہ انہیں چیئرمین نیب کے عہدے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے،دی نیوز سے گفتگو میں ثاقب نثار نے کہا کہ نہ ہی ان سے کسی نے رابطہ کیا ہے اور نہ ہی انہیں کسی سرکاری عہدے میں دلچسپی،واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے دستیاب نہیں ہوں۔

دی نیوز کے نمائدنے نے سابق چیف جسٹس سے پوچھا کہ اگر کسی حکومتی عہدیدار نے ان سے رابطہ کیا یا انہیں چیئرمین نیب کے عہدے کی پیش کش کی تو کیا وہ اسے قبول کرلیں گے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی حکومتی عہدے کے لیے دستیاب نہیں ہیں چاہے وہ چیئرمین نیب کا عہدہ ہو یا کوئی دوسرا عہدہ ہو۔

چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے موزوں شخص کی تلاش جاری ہے، میڈیا میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مجوزہ امیدواروں کے نام زیرگردش ہیں،وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے کوئی نام تجویز نہیں کیا گیا،اس حوالے سے میڈیا رپورٹس درست نہیں،پی ٹی آئی نے اس عہدے کے لیے کوئی نام تجویز نہیں کیا،اس حوالے سے فیصلہ آنے والے دنوں میں مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

دی نیوز سے گفتگو میں ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے ناصر محمود کھوسہ، سابق ڈی جی، آئی بی، آفتاب سلطان اور وائس ایڈمرل (ر) ھشام بن صدیق کے نام تجویز کیے ہیں،ن لیگ نے جو نام تجویز کیے ہیں وہ میڈیا رپورٹس کے برعکس ہیں، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ نے سابق سیکرٹری خزانہ سلمان صدیق اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کا نام دیا ہے۔

دوسری جانب جب دی نیوز کے نمائندے نے ن لیگ کے ایک سینئر رہنما سے بھی اس بارے میں استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ سلمان صدیق کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن ن لیگ نے ان کا نام چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے تجویز نہیں کیا۔

گزشتہ چند روز سے چیئرمین نیب کے لئے میڈیا پر متعدد نام سامنے آرہے ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے سابق سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر، سابق سیکرٹری وزارت مذہبی امور کیپٹن (ر) سردار اعجاز احمد خان جعفر اور سابق ڈی جی، ایف آئی اے محمد آملش کے نام تجوی زکئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مجوزہ چار ناموں میں سابق سیکرٹری خزانہ سلمان صدیق، سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ، جسٹس (ر) دوست محمد اور سابق سیکرٹری خارجہ امور جلیل عباس جیلانی کے نام شامل ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر خبریں سرگرم ہیں کہ حکومت چیئرمین نیب کے عہدے کی پیش کش سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو کرنا چاہتی ہے، جبکہ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو ہی عہدے پر برقرار رکھنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔