سردیوں میں مہنگی گیس کی بجائےسستی بجلی استعمال کریں،حکومت کی عوام کوبڑی آفر

5.jpg

ملک کو موسم سرما میں گیس کے بحران سے بچانے کے لئے حکومت نے قدرتی گیس کی قیمت میں 35 فیصد تک اضافے کی سمری کے ساتھ ہی ملک بھر میں بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 12.96 روپے فی یونٹ کے فلیٹ ٹیرف کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت بروز جمعہ کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موسم سرما میں بجلی کی کھپت بڑھانے کے لیے 12.96 روپے فی یونٹ کے فلیٹ ٹیرف کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کی توانائی کمیٹی (سی سی او سی) نے سردیوں میں گیس کی بچت کے لیے ’سستی بجلی پیکج ‘ کی منظوری دے دی جس کے تحت گھریلو صارفین کے لیے 300 یونٹ سے زائد بجلی کے استعمال پر ہر یونٹ کا نرخ 12روپے 66پیسے ہو گا جو اس وقت ساڑھے 19 روپے کا ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سردیوں میں گیس کی محدود دستیابی ہوتی ہے، سردی سے بچاؤ کے لیے گیس ہیٹرز استعمال کیے جاتے ہیں لہٰذا سردیوں میں گیس بچانے کے لیے سستی بجلی کا پیکج لایا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ پیکج یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک سردی کے چار ماہ تک ہو گا جبکہ کابینہ کمیٹی کی جانب سے سستی بجلی پیکج میں کے الیکٹرک کو شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

دوران اجلاس کمرشل اور جنرل سروسز صارفین کے لیے 12روپے 96پیسے فکس ریٹ کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔ سی سی او ای نے پاکستان آئل ریفائنری پالیسی 2021 کی اصولی منظوری دی۔

تاہم وزارت منصوبہ بندی اور خزانہ دونوں کے سخت تحفظات پر کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں موجودہ ریفائنریز کو پیش کردہ پیشگی پیکج پر نظرثانی کرے۔