سمیع ابراہیم نے فوادچوہدری کے خلاف درخواست کیوں واپس لینے کی استدعاکردی؟

fawad-sami-petition1.jpg


وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر کیس میں اہم پیش فت سامنے آگئی،اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست گزار سمیع ابراہیم نے فواد چوہدری کے خلاف نااہلی کیس واپس لینے کی استدعا کردی ہے،درخواست گزار کی کیس واپس لینے کی استدعا پر فیصلہ آئندہ سماعت پر ہوگا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر کیس پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی،درخواست گزار سمیع ابراہیم کے وکیل نے درخواست واپسی کی استدعا کی، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ درخواست واپس کیوں لینی ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ مجھے ہدایات دی گئی ہے کہ سمیع ابراہیم لاہور چلے گئے ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے عدالت سے کہا کہ اگر پٹشنر واپس لینا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

فواد چوہدری اور صٖحافی سمیع ابراہیم کے درمیان گزشتہ 2 سال سے شدید لفظی جنگ جاری تھی،فیصل آباد میں ایک شادی کی تقریب میں فواد چوہدری اور سمیع ابراہیم کا آمنا سامنا ہوا تھا تو فواد چوہدری نے سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار دیا تھا۔دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر بھی خوب جنگ چلی تھی۔