سندھ ہائی کورٹ نے اے آروائی نیوز کی نشریات فوری بحال کرنےکا حکم دیدیا

ary-n11n.jpg


سندھ ہائی کورٹ نے حکومت کی جانب سے پابندی کا شکار اے آروائی نیوز کی نشریات کی فوری بحالی کا حکم دیدیا ہے۔

خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اےآروائی نیوز کی بندش اور پیمرا کے شوکاز نوٹس کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، اس موقع پر اے آروائی نیوز اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت پیمرا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کیبل آپریٹرز کو اے آروائی نیوز بند کرنے کی ہدایات جاری نہیں کیں، عدالت نے ریمارکس دیئے اگر نشریات بند کرنے کی ہدایت نہیں دی تو نشریات کو فوری طور پر بحال کروائیں۔

اےآروائی نیوز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پیمرا نے چھٹی کے روز چینل کی نشریات بند کرنے کیلئے زبانی ہدایات جاری کیں، پیمرا کا نا تو کوئی چیئرمین ہےاور نا ہی کوئی کمیٹی، اےآروائی شوکاز نوٹس کا جواب کس کو دے؟

عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فوری طور پر ملک بھر میں اے آروائی نیوز کی نشریات کو بلا تعطل بحال کرنے کے احکامات جاری کرتےہوئے کہا کہ چینل15 اگست تک پیمرا کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر شہباز گل کی اےآروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کےبعد پیمرا نے ملک کے مختلف حصوں میں اے آروائی نیوز کی نشریات کو بند کروادیا گیا جبکہ ڈاکٹر شہبازگل کو اے آروائی نیوز سے کی گئی اس گفتگو پر گرفتار کرکےغداری کا مقدمہ درج کرلیا گیاتھا۔