پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کی جانب سے ملکی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر انتظامی اور ریاستی اداروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ عدلیہ اور فوج کو مل کر مسائل کا مستقل حل نکالنا چاہیے۔
چوہدری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے، سیاسی جماعتیں جس طرف جا رہی ہیں، افراتفری بڑھے گی۔ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی سنگین ہوگئے ہیں، آمدورفت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہے، ایمبولنس تک کو راستہ نہیں مل پا رہا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی صورتحال کو غور سے دیکھا جا رہا ہے۔ رہنما ق لیگ نے اپیل کی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دوبارہ نہ دہرائی جائے، پولیس شیلنگ بند کرے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے حقیقی آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے پیش نظر مختلف شہروں سے پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد کیلئے نکل رہے ہیں تاہم پولیس کی جانب سے حکومت مخالف مارچ کے شرکا کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
قبل ازیں لاہور کے علاقے بتی چوک پر پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپ دیکھنے میں آئی اس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی پولیس کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ شرکا کو مارچ کے مقام تک پہنچنے سے روکا جائے۔