شعیب اختر سے بدتمیزی کرنے والے نعمان نیاز کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر

11shobiniaz.jpg

سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی کے اسپورٹس اینکر کا سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ تضحیک آمیز رویے پر شہری نے ہائیکورٹ میں انکوائری کے لیے درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق شہری آفتاب احمد خان کی جانب سے ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی گئی۔ شہری آفتاب احمد خان نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، پی ٹی وی، ڈاکٹر نعمان نیاز سمیت دیگر کو فریق بنایا۔


درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاک بھارت فتح کے بعد پی ٹی وی پر لائیو پروگرام کے دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، پروگرام کے میزبان نے قومی سٹار شعیب اختر کے ساتھ انتہائی تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا تھا، پروگرام پوری دنیا میں دیکھا گیا جو پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنا جبکہ پیمرا کی جانب سے واقعے کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

https://twitter.com/x/status/1455872368874860550
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ شعیب اختر کے دنیا بھر میں کروڑوں کی تعداد میں مداح ہیں جو اس واقعہ پر مایوس ہوئے ہیں، پاکستان آرمی اور پی سی بی نے پاکستان میں کرکٹ واپس لانے کے لیے انتھک محنت کی، میزبان کے خلاف ابتک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ شہری نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پی ٹی وی کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواستگزار نے مزید درخواست کی ہے کہ پیمرا اور وزارت اطلاعات میں زیرالتوا درخواست پر کارروائی کا حکم دیا جائے جبکہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بنا کر تحقیقات کروائی جائیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی وی کے اسپورٹس شو ’گیم آن ہے‘ میں پاکستان کے نیوزی لینڈ سے میچ کے بعد جاری شو کے دوران میزبان کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی پر شعیب اختر نے پی ٹی وی کے شو سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اینکر کے نامناسب رویے پر شعیب اختر نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر میزبان کا رویہ ناقابل برداشت تھا، دنیا بھر کے لیجنڈز کے سامنے یوں شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔
 

Nice2MU

President (40k+ posts)
بہت ہی فارغ لوگ ہیں۔اور ہائیکورٹ ان سے بھی زیادہ فارغ جو ایسی درخواستوں پہ کاروائی بھی کرتی یے۔

ہزاروں بے گناہ یا چھوٹے جرائم کے مجرم اپنی اپیل سننے کے لیے کئی کئی سال انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں اور ہائیکورٹ ان جیسی فضول درخواستوں میں لگی رہتی ہے ۔۔

مین تو کہتا ہوں کہ جس شخص نے درخواست کی ہے اسکو چھ مہینے قید کی سزا سنائے تاکہ پھر ایسی فضول درخواستیں نہ دے۔۔