سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔ اسلام آباد کے پمز اسپتال (پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) کے ڈاکٹروں کے مطابق انہیں سانس لینے میں تکلیف ہے جبکہ گردن اور چھاتی کی بائیں جانب درد محسوس کر رہے ہیں۔
پولیس نے شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹ ڈیوٹی جج جوڈیشل راجہ فرخ علی خان کی عدالت میں جمع کرائی گئی۔ جس کے مطابق انہیں سانس لینے میں شدید مسئلہ ہے، وہ جسم میں درد محسوس کر رہےہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہبازگل گردن، کندھے اور چھاتی کی بائیں جانب درد محسوس کررہے ہیں۔ اسی لیے اسپتال پہنچنے پر فوراً ان کی ای سی جی کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر طبیعت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ انہیں دل کی تکلیف نہیں ہے۔
چار سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے شہبازگل کا طبی معائنہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز گل کو بچپن سے سانس کا مسئلہ ہے اور ضرورت پڑنے پر برونکڈیلٹر استعمال کرتے ہیں، انہیں سانس لینے میں مسئلہ ہے، گزشتہ رات ای سی جی رپورٹ بہتر نہ تھی ، ان کے دل کی دھڑکنیں تیز تھیں۔
تاہم ڈاکٹروں نے یہ بھی کہا ہے کہ بعض اوقات بے چینی بڑھنے سے بھی دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں اور سانس لینے میں مشکلات آجاتی ہیں، دوبارہ ای سی جی کی جائے گی۔ پمز میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں سفارش کی کہ ملزم کی صحت کے لحاظ سے اس کا مزید معائنہ کرنا ہوگا۔
رپورٹ میں میڈیکل ٹیم نے مشورہ دیا ہے کہ شہبازگل کا ایکسرے، یورک ایسڈ کا ٹیسٹ کیا جائے اور کارڈیالوجسٹ وپلمونولوجسٹ کی جانب سے بھی طبی معائنہ درکار ہے۔ ابھی مزید چیک اپ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔