شہباز اور جہانگیر ترین کی ملاقات کہاں ہوئی؟ فیاض الحسن چوہان نے سب بتادیا

chohaan-and-pti-khan.jpg


تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ہونے والی خفیہ ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی بتا دیا کہ ملاقات کس جگہ پر کی گئی ہے۔

جہانگیر ترین کی شہباز شریف سے ملاقات کے حوالے سے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے شہباز شریف کی جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی، شہباز شریف کی جہانگیر ترین سے ملاقات مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر ہوئی۔


نجی ٹی وی چینل کے پروگرام جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین نے بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اپنی ذمہ داری بہتر طریقے سے نبھائی۔

رہنما تحریک انصاف فیاض چوہان نے جہانگیرترین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کبھی بھی آل شریف اور شہباز شریف پر بھروسہ مت کیجیے گا، جہانگیر ترین کو زندگی میں کبھی آل شریف سے خیر نہیں مل سکتا۔ شہباز شریف وہ شخص ہیں جن کے ہاتھ میں فیصلے کی قوت ہی نہیں ہے، اسی طرح چوہدری نثار بھی فیصلہ کرنے کی قوت نہیں رکھتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین حالات و واقعات کو دیکھ کر فیصلہ کریں، کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آئے گی، ان لوگوں کو پتا ہی نہیں کہ تحریک عدم اعتماد کہاں آئے گی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن کے 15 ارکان اسمبلی پنجاب میں ہم سے ٹکٹ مانگ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ میڈیا پر چلنے والی خبروں میں اس ملاقات کے حوالے سے دعوے کیے جا رہے تھے کہ دونوں رہنماؤں نے عمران خان حکومت اور اس کی قسمت کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ ملاقات کے حوالے سے کچھ بھی کہے بغیر جہانگیر ترین نے اتنا کہا تھا کہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ان کے گروپ میں شامل ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے انہیں کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے کا مینڈیٹ دے رکھا ہے۔