صادق سنجرانی نے بھارت کی جانب سے دی گئی دورے کی دعوت ٹھکرادی

sanjrani-sadiq-india2211.jpg


چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھارت کی جانب سے دی گئی دورے کی دعوت ٹھکرادی ہے۔

اے آر وائے کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھارت کی اپنے دیس دورے کی دعوت کو رد کر دیا، بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر نے صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینیٹ پاکستان دورہ بھارت کی دعوت دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھارت کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سو سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی، جس کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نہ صرف ٹھکرایا بلکہ یہ بھی کہا کہ بھارت اپنا 5 اگست کا اقدام واپس لے کیونکہ جب تک بھارت ایسا نہیں کرتا کسی بھارتی تقریب میں نہیں جاؤں گا۔


چیئرمین سینیٹ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت ختم کر کے ظلم ڈھائے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1463749112633962500
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بنے 100 سال پورے ہوئے ہیں جس کے سلسلے مین تقریب سے بھارتی صدر اور وزیراعظم نے خطاب کرنا تھا۔ اس تقریب میں شرکت کیلئے اکتوبر میں بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط لکھا تھا ، جس میں انہوں نے دورہ بھارت کی دعوت دی تھی۔

بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ لوک سبھا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب کا انعقاد 4 دسمبر کو ہو گا۔ پی اےسی 100 سال سےعوامی اخراجات کی نگرانی کررہی ہے، صد سالہ تقریب میں آپ کی شرکت ہمارے لیے اعزاز ہو گا۔