طوفان تاؤتے کراچی سے کتنی دور ہے؟طوفان تاؤتے سے کہاں اور کب بارش ہو گی؟

Kashif Rafiq

Prime Minister (20k+ posts)
926627_5140332_rain-umbrailla-new-oo1_updates.jpg

طوفان تاؤتے کراچی سے کتنی دور؟

کراچی کے جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سمندری طوفان تاؤتے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق سے 1 ہزار 460 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار بڑھ کر 100 کلو میٹر تک بھی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سمندری طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب رہے گا،یہ طوفان 18 مئی تک بھارتی گجرات تک پہنچ جائے گا۔



طوفان تاؤتے سے کہاں اور کب بارش ہو گی؟

کراچی کے قریب بحیرہ عرب میں سمندری طوفان تاؤتے کے بننے سے موسمی سسٹم کے باعث گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 20 مئی کے دوران ٹھٹھہ، بدین، تھر، میر پور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلو میٹر تک ہونے کا امکان ہے۔

کراچی،حیدر آباد، جام شورو، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، جیکب آباد اور دادو میں 18 سے 20 مئی کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ان علاقوں میں ہوائیں 40 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔

16 سے 20 مئی تک سسٹم کے تحت سمندر میں طغیانی کی کیفیت رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی تو کی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ طوفان کے اثرات سے کراچی میں 3 دن گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

آج سے 17 مئی کے دوران کراچی شہر میں موسم گرم اور کبھی شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

دن کے اوقات میں شہرِ قائد میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے، جبکہ شمال مشرق سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 15 سے 17 مئی کے دوران ہونے والی گرمی بحیرہ عرب میں بنے طوفان کے اثرات کے باعث ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ سمندر میں ہونے والی گردش سمندری ہوائیں اپنی طرف کھینچ لیتی ہے، سمندری ہوائیں معطل ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔



وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سمندری طوفان تاؤتے کے خدشے کے پیشِ نظر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو شہر سے بل بورڈ ہٹانے کی ہدایت کر دی۔

سمندری طوفان تاؤتے کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کراچی میں انتظامی اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بریفنگ دی۔

اجلاس میں سندھ حکومت کے ترجمان، مشیرِ قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، کمشنر کراچی نوید احمد شیخ، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ و دیگر نے بھی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران سمندری طوفان کے پیشِ نظر ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے کے احکامات دے دیئے اور کہا کہ میٹ آفس اور پی ڈی ایم اےکی مشاورت سےایمرجنسی پلان بناکراقدامات کرنےہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سائیکلون گجرات کو ہٹ کرتا ہے تو تھر میں شدید بارشیں ہوں گی، ڈی سی تھر ضروری اقدامات کریں۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنا شروع کریں، ماہی گیر کل سے سمندر میں نہ جائیں۔

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول روم میں بی ایس 19 کے افسر کو ہیڈ بنایا جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ ڈی سیز کو بھی اپنے دفاتر میں جبکہ محکمہ آب پاشی کو بیراجوں پر کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کراچی میں تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو اپنے ایریاز میں انتظامات کرنے جبکہ صوبائی وزراء ناصر شاہ اور فراز ڈیرو کو کراچی میں رہنے کی ہدایت بھی کی۔