عامر لیاقت حسین کا گھر سیل، فیملی نے پوسٹ مارٹم رکوادیا

aamirlia1121.jpg


مشہور مذہبی اسکالر اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد پولیس نے ان کے گھر کو سیل کردیا ہے،جبکہ عامر لیاقت حسین کی فیملی نے ان کے پوسٹ مارٹم کو رکوادیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نےکہا ہے کہ عامر لیاقت کی فیملی نے ان کی ڈیڈ باڈی کا پاسٹ مارٹم رکوادیا ہے، عامر لیاقت کی فیملی نے موقف اپنایا ہے کہ اس حوالے سے سوچ کر جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر کو سیل کردیا ہے، موت کی وجہ جاننے کیلئے پولیس نے تفتیش بھی شروع کردی ہے۔

پولیس نے عامر لیاقت کے بیڈروم سے تمام شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں اور ان کے زیر استعمال کمرے کو بھی سیل کردیا گیا ہے، کمرے سے 2 موبائل فونز اور دیگر اشیاء ملی ہیں، عامر لیاقت کے اہلخانہ کو گھر میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گھر کے لاؤنج میں جنریٹر کے دھوئیں کی بدبو موجود تھی تاہم بیڈ روم اور اسٹڈی روم میں ایسی کوئی بو نہیں تھی، گزشتہ رات عامر لیاقت کی طبعیت ناساز تھی جس کے بعد وہ سو گئے اور دوپہر 12 بجے اٹھے جس کے بعد ساڑھے 12 بجے ان کی طبیعت دوبارہ بگڑی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے کمرے سے ان کی دوائیاں اور دوسری چیزیں ملی ہیں، موت کی حتمی وجہ جاننے کیلئے پوسٹ مارٹم کروانا ضروری ہے تاہم اہلخانہ نے فوری طور پر پوسٹ مارٹم کرنے سے روک دیا ہے جس کے بعد میت کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔