تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے وقت حکومتی بینچز پر موجود واحد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اپنے خطاب کے بعد عمران خان کی سیٹ سے تقسیمی نمبر اپنے ساتھ لے گئے۔
علی محمد خان نے ٹوئٹر پر عمران خان کے تقسیمی نمبر کی تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ "ہر ممبر قومی اسمبلی کی اسمبلی سیٹ پر اس کا تقسیمی نمبر ہوتا ہے۔ عمران خان کی وزیراعظم کی سیٹ پر موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں، وہاں نہیں چھوڑا"۔
انہوں نے کہا کہ "اس کو اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے اور جب خان صاحب دوبارہ وزیراعظم بنیں گے تو اپنے ہاتھ سے یہ دوبارہ لگاؤں گا، انشاءاللہ"
یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد علی محمد خان نے اپنا مؤقف خطاب کے دوران پیش کیا۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے علی محمد خان نے جب اپنا خطاب شروع کیا تو قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک قول کا حوالہ دیا اور کہا کہ مجھے فخر ہے، خوشی ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، جس نے حکومت قربان کردی لیکن غلامی قبول نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج آپ کے چہروں پر خوشی ہے، اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ آج میری پارلیمانی امور کے وزیر کی ڈیوٹی تمام ہوئی۔
جبکہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں، عمران خان کے خلاف رات گئے تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔ جس کے نتیجے میں عمران خان اب وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں رہے۔