فیس بک ،واٹس ایپ کے بند ہونے سے ٹیلی گرام کے صارفین میں کروڑوں کا اضافہ

13.jpg

2 روز قبل دنیا بھر میں فیس بک کی تمام سروسز کی بندش کے باعث ایک نئی میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کو مزید 7 کروڑ نئے صارف مل گئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ خود ٹیلی گرام کی جانب سے سامنے آیا جس کے مطابق فیس بک ، انسٹاگرام، میسنجر اور واٹس اپ کی سروسز معطلی کی وجہ سے ٹیلی گرام کے صارفین میں 7 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔

بانی ٹیلی گرام پاول دروف کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جس روز فیس بک سروسز معطل ہوئیں اس روز ہمارے صارفین میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ہم فخریہ طور پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ ٹیلی گرام کی تکنیکی ٹیم نے ریکارڈ صارفین کو بہترین انداز میں سنبھالا اور ایپلیکیشن نے انہیں بہترین سروسز فراہم کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے 7 کروڑ نئے صارفین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔


ایک رپورٹ کے مطابق صرف امریکہ میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی موبائل ایپلیکیشنز کی فہرست میں ٹیلی گرام 56ویں سے پانچویں نمبر پر آگیا ہے، ایک ارب ڈاؤن لوڈز کی فہرست میں شامل ہونے والی اس ایپلیکیشن کے رواں سال کے آغاز میں 50 کروڑ فعال صارفین رکھنے والی اپیس میں شامل ہوگئی تھی۔

یادرہے کہ پیر کے روز دنیا بھر میں فیس بک کمپنی کی تمام موبائل ایپلیکشنز اچانک کریش کرگئی تھیں جس کے بعد فیس بک، میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز 7گھنٹے سے بھی زائد وقت تک کیلئے معطل رہے، اس معطلی سے دنیا بھر میں نہ صرف اربوں صارفین متاثر ہوئے بلکہ فیس بک کو بھی اس واقعے سے اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔