لاہور ، اسموگ :ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ شروع

lahore-smog-tt.jpg


لاہور:ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پربھاری جرمانہ۔۔ کتنا جرمانہ ہو گا ؟

لاہوری ہوجائیں ہوشیار۔۔ ٹریفک کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ دینا ہوگا، ٹریفک پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کیلئے سخت ایکشن لے لیا، لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر محکمہ ٹریفک پولیس نے چالان کی کم سے کم رقم دو ہزار روپے مختص کردی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس آفیسر کے مطابق عدالت کی جانب سے ون وے کی خلاف ورزی کی روک تھام کے سخت احکامات جاری کردیئے گئے ہیں،عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے محکمہ ٹریفک پولیس کے افسران نے چالان کیلئے رقم بڑھادی ہے،سی ٹی او کے مطابق اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پربھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔


لاہوریوں نے ون وےٹریفک کی خلاف ورزی کی اور دوہزار ہاتھ سے گئے کیونکہ اب کم سے کم 2000 روپے جرمانہ ہوگا،سٹی ٹریفک پولیس آفیسر نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے کے چالان کے حکم پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔

لاہور میں اس وقت اسموگ درد سر بنی ہوئی ہے، اسموگ کے تدارک کیلئے ہائی کورٹ میں اقدامات سے متعلق سماعت ہوئی، جس میں جج نے سٹی ٹریفک پولیس آفیسر کو بھی طلب کیا تھا،سماعت کے حوالے سے سی ٹی او نے عدالت کو بتایا کہ لاہور میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے، سب سے زیادہ شکایتیں بھی ٹریفک جام کی ہی موصول ہوتی ہیں۔

سی ٹی اور نے عدالت کو بتایا کہ ایک سال کے دوران لاہور میں 7 بڑے جلسے اور دو ہزار سے زائد مظاہرے ہوئے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، ہائیکورٹ نے سی ٹی او کی جانب سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا اور خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں آپ کا تبادلہ نہ کردیا جائے،عدالت نے حکام کو ٹریفک آفیسر کا تبادلہ نہ کرنے اور روڈ مینجمنٹ پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اہم احکامات جاری کردیئے، جس کے مطابق دفاتر کے 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کے احکامات دیئے ہیں،انتظامی ادارے 25 نومبر سے 15 جنوری گاڑیوں میں کمی کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیں،ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دھوئیں کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کو بھی 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سرکاری 50 فیصد گاڑیاں متعلقہ محکمے کے سیکرٹریٹ میں کھڑی رہیں گی، جن کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا،صنعتی یونٹ دھوئیں پر کنٹرول کی نگرانی کے لیے کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں جبکہ اسکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن بچوں کی50 فیصد ٹرانسپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 200 روپے جرمانہ ہوگا، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 50 ہزار روپے، زیگ زیگ کے بغیر بھٹوں کو 50 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا،پی ڈی ایم اے پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان کے کمشنرز سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی یقینی بنائیں۔