لاہور آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر،ایئرانڈیکس خطرناک سطح پر

lahore.jpg


لاہور آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر، ایئرانڈیکس خطرناک سطح پر

باغوں کےشہر لاہور میں اسموگ کے ڈیرے، ہرشے دھندلا گئی ہے، شہریوں کیلئے زندگی مشکل ہوتی جارہی ہے، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھی سرفہرست ہے،دنیا بھر کے آلودہ شہروں میں لاہور میں ایئرکوالٹی انڈیکس231 سے394 تک ریکارڈ کی گئی، فضائی آلودگی اور اسموگ کی وجہ سےنزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر انفیکشنز پھیلنے کا خدشہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ ائیر کوالٹی انڈیکس کوٹ لکھپت میں 680، ماڈل ٹاؤن 565، ٹاؤن شپ440، انارکلی 481، ٹھوکر نیاز بیگ394 ،ڈی ایچ اے فیز ایٹ 447، ٹھوکر نیاز بیگ 440، گلبرگ میں 652 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا،پنجاب کے شہروں میں لاہور کے بعد سب سے زیادہ گوجرانوالہ 413، بہاولپور 392، ساہیوال میں 340 اور رائیونڈ میں 296 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔


دوسری جانب گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کی روک تھام سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی،عدالت نے سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی، نجی دفاتر میں بھی صرف پچاس فیصد ملازمین کو بلایا جائے، ماحولیات سے متعلق قائم جوڈیشل کمیشن نے چار سو اے کیو آئی تک کے علاقوں میں اسکول بند کرنے کی تجویز کردی۔

عدالت نے حکم دیا کہ سرکاری اداروں میں بھی حاضری پچاس فیصد کرنے پر غور کیا جائے،لاہور، گوجرانوالا اور کمشنر فیصل آباد کی زیرنگرانی کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے،عدالت نے ایمرجنسی فون لائن قائم کرنے کا بھی حکم دیا ساتھ ہی لاہور ویسٹ منیجمنٹ سے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کی رپورٹ بھی طلب کرلی،کمیٹی اسموگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر جوڈیشل کمیشن میں
رپورٹ جمع کروانے کا بھی حکم دے دیا گیا۔