لاہور :خاتون وکیل کے قتل کیس کا ڈراپ سین ،سوتن ہی قاتل نکلی

aqeela-lahh12.jpg


لاہور کے علاقہ جوہرٹاؤن میں خاتون وکیل کے قتل کا ڈراپ سین، سوتن ہی قاتل نکلی۔ "شوہر وقت نہیں دیتا تھا اسلئے پیسے دیکر قتل کروایا"۔ ملزمہ

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں وکیل کی اسسٹنٹ کے قتل کیس کا ڈراپ سین ہوا ہے، پولیس کے مطابق وکیل کی اسسٹنٹ کو اسکے دوسرے شوہر کی بیوی رابعہ نے پیسے دے کرقتل کرایا ،

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی نشاندہی پر ملزمہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ملزمہ رابعہ نے پولیس کے روبرو اعتراف کیا کہ میرا شوہر مجھے وقت نہیں دیتا تھا،اس لئے قتل کا منصوبہ بنایا،شوہرنےسوتن کوگھرخریدکردیا اور مجھے ٹھیک طریقے سے خرچہ بھی نہیں دیتا تھا۔


ملزمہ رابعہ نے بتایا کہ شوٹرکو دو لاکھ روپے میں قتل کےلیےراضی کیا جبکہ ایک لاکھ ایڈوانس دیا۔ اجرتی قاتل عرفان22روزتک مقتول کی ریکی کرتارہا، پھرواردات کی۔

ڈی ایس پی سی آئی اے قیصرمشتاق نے کہا کہ مقتولہ کے شوہر کا ملازم چاند ریکی میں معاونت کرتا رہا، ملزمان سےآلہ قتل ،واردات کیلئے ادا کی گئی لاکھوں روپے مالیت کی رقم برآمد کرلی ہے۔

ڈی ایس پی سی آئی اے کے مطابق خاتون کو 14اکتوبرکو جوہرٹاؤن میں دفتر جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ ایڈووکیٹ عقیلہ سبحانی اپنی گاڑی میں جارہی تھی کہ موٹر سائیکل دو ملزمان نے فائرنگ کر دی تھی۔ ایڈووکیٹ عقیلہ چار فائر لگنے سے شدید زخمی ہو گئی تھیں جنہیں بعد ازاں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

سی سی پی او لاہور نے جوہر ٹاؤن میں خاتون وکیل پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے فوری ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔