لاہور کے بعض علاقوں میں فوری انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت

internet.jpg


لاہور میں مطالبات کے حق میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کے باعث وزارت داخلہ نے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کردی ہے، وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو لکھے خط میں لاہور کے علاقے سمن آباد، شیرا کوٹ، نواں کوٹ، گلشن راوی میں انٹرنیٹ سروس بند کرنےکی ہدایت کی، سبزہ زار اور اقبال ٹاؤن بھی شامل ہیں۔

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کیخلاف پولیس کی کارروائی کا امکان بھی ہے،پولیس کے مطابق اسکیم موڑ کے چاروں اطراف کنٹینر لگا کر سیل کردیا گیا، جبکہ موٹر وے اور رنگ روڈ پر بھی کنٹیر سے راستے بند کردیئے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے دو کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ٹی ایل پی قائدین کا کہنا ہے کہ آج شام پانچ بجے کا لائحہ عمل طے ہے،اگر پولیس نے پہلے سے کوئی بھی کارروائی کی تو جوابی کارروائی ہوگی۔

کالعدم تحریک لبیک پاکستان مطالبات کے حق میں یتیم خانہ چوک کے قریب ٹی ایل پی کے مدرسے کے باہر دھرنا دیئے ہوئے ہیں،قائدین فرانسسی سفیر کی ملک بدری اور سربراہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان سعد حسین رضوی کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں،قائدین کہتے ہیں سعد حسین کی گرفتاری غیرقانونی ہے۔