لڑکیوں کے اغوا میں ملوث تین بھائیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار

11.jpg

کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں اے وی سی سی پولیس کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے 3 سگے بھائیوں سمیت چار ملزمان کو دو لڑکیوں کو اغوا کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا، لڑکیوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کی رہائشی دوسگی بہنوں کے اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا گیا، چند روز قبل مغوی لڑکیوں کی والدہ نے اپنی دو بیٹیوں 13 سالہ سلیمہ اور 11 سالہ ثمینہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کرایا تھا۔

پولیس نے تفتیش کے بعد مقدمہ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کو منتقل کر دیا جس کے بعد اے وی سی سی کی جانب سے لڑکیوں کی بازیابی کے لیے اسٹیل ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کی گئی اور دونوں لڑکیوں کو بازیاب کرالیا گیا جبکہ 3 سگے بھائیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے وی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ اغواکاروں کی نشاندہی نیاز علی، علی مرشد، علی حیدر اور ان کے ساتھی کامران کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم کیس کی تحقیقات جاری ہے۔