مائنس شریف کا منصوبہ بنانے والے لیگی رہنماؤں کی آڈیو آنے والی ہے،شہباز گل

13%DA%AF%DB%8C%D9%84%D9%84%D8%A7%D8%A6%D8%AF%DB%8C%DB%81.jpg

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف خاندان کو باہر بھجواکر پارٹی سنبھالنے کا منصوبہ بنانے والے لیگی رہنماؤں کی آڈیو بھی سامنے آنے والی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل نے یہ دعویٰ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ایک آڈیو آرہی ہے جس میں وہ "شریفوں کو چھوڑو ،ہمیں ایک بار آزماؤ" کی پیشکش کرتے سنائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ن لیگ کے چار سینئر لوگوں کا ٹولا تھا اب ان میں ایک پانچواں بھی شامل ہونے کی کوشش کررہا ہے ، یہ لوگ نواز شریف کیلئے ڈیل مانگ رہے ہیں کہ ان کالندن میں ویزہ ریجکٹ بھی ہوجائے تو انہیں پاسپورٹ لے کر دوسرے ملک جانے کی اجازت دی جائے۔


شہباز گل نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ سے ن لیگ ڈیل ڈیل کیلئے اعلان کرتی پھررہی ہے، خود فون کرکے لوگوں کو ڈیل کا بتاتے ہیں، مگر جب ان سے سوال کرو تو جواب نہیں دیتے۔

یادرہے کہ گزشتہ دنوں حکومت وزراء کی جانب سے ایک دعویٰ سامنے آیا تھا جس کے بعد ملکی سیاست میں ایک طوفان برپا ہوگیا ہے، حکومت نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے چار سینئر رہنماؤں نے کسی سے ملاقات کرکے خود کو وزارت عظمیٰ کیلئے بطور امیدوار پیش کیا ہے اور شریف خاندان کو ملک سے باہر بھجواکر ان چار لوگوں کو آزمانے کی پیشکش کی ہے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے ان دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کردیا گیا ہے تاہم حکومتی حلقے ابھی بھی ان دعوؤں پر قائم ہیں۔