مرحوم انسٹرکٹر پائلٹ کے والد کا حکومت سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ

qazi-ajmal-father-12211.jpg


مرحوم انسٹرکٹر پائلٹ قاضی اجمل کے والد قاضی سجاد نے حکومت سے بیٹے کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم انسٹرکٹر پائلٹ قاضی اجمل کے والد قاضی سجاد کا کہنا ہے کہ جیرو کاپٹر میں نائٹ فلائنگ کا بندوبست نہیں تھا، ان کے بیٹے کو رات کی تاریکی میں پرواز کرنے کے لئے کہا گیا، حادثے کی تحقیقات کرائی جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ قاضی اجمل نے جیرو کاپٹر کی نائٹ فلائنگ کے حوالے سے متعلقہ ادارے کے افسر کو مطلع کیا تھا۔

مرحوم پائلٹ کے والد نے مزید کہا کہ بیٹے نے آخری کال پر کہا تھا کہ وہ 1600 فٹ کی بلندی ہے اور تاریکی کے باعث کچھ نظر نہیں آ رہا۔

انہوں نے حکومت سے بیٹے قاضی اجمل کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز سے لاپتہ تربیت یافتہ انسٹرکٹر پائلٹ قاضی اجمل کی لاش کنڈ ملیر سے مل گئی، بلوچستان کے علاقے آواران میں "جیرو کاپٹر" گر کر تباہ ہونے سے انسٹرکٹر پائلٹ قاضی اجمل جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پائلٹ قاضی اجمل اپنا جیروکاپٹر کراچی سے فلائی کرکے بلوچستان کی حدود میں داخل ہوئے تھے اس دوران وہ لاپتہ ہوگئے تھے۔

مرحوم پائلٹ قاضی اجمل کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔