مردان، لاؤڈ اسپیکر پر عمران خان کو بددعائیں دینے والا شہری ضمانت پر رہا

zamant-ik.jpg


انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں ہوتی کے علاقے کی ایک مقامی مسجد میں شہری نے لاؤڈ اسپیکر پر مہنگائی سے تنگ آ کر عمران خان کی حکومت کیلئے بددعائیں دینے کی اپیل کی جس پر پولیس نے گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کر دیا، عدالت نے غفران نامی شہری کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

مقامی پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے چاٹو چوک میں مسجد کا لاؤڈ اسپیکر چلا کر لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ملک میں مہنگائی ہو رہی ہے لہٰذا خواتین و حضرات سے اپیل ہے کہ وہ دعا کریں کہ عمران خان کی حکومت سے جان چھوٹ جائے۔ اس عمل پر شہری کو گرفتار کر کے چالان کیا گیا تاہم عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔

اس شہری کی موجودہ حکومت کے لیے اس طرح بددعائیں دینے کی اپیل کی باقاعدہ ایک ویڈیو بھی موجود ہے جو کہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ پولیس نے اس شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق دفعات شامل ہیں۔


پی پی سی (پاکستان پینل کوڈ) کے تحت لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر کسی بھی شہری کو ایک مہینہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ایک قانونی ماہر کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے مطابق مسجد کا اسپیکر اذان کے علاوہ کسی مقصد کیلئے نہیں استعمال کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ ملک میں اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے کیونکہ پٹرول کی قیمت 137 روپے سے زائد ہے جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ہوا ہے اور نتیجے کے طور پر تمام اشیائے خورونوش مہنگی ہو گئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ سال مہنگائی اس سے بھی زیادہ ہو گی، البتہ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ 2023 میں مہنگائی کا طوفان کسی حد تک تھم جائے گا۔