مری میں سیاحوں کی آمد پر پابندی میں مزید توسیع

8%D9%85%D8%A6%D8%B1%D8%B1%D8%B9%D8%B9%D8%A8%D8%A7%D9%86.jpg

گزشتہ روز برفانی طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کے بعد مری کو سیاحوں کی آمد و رفت کیلئے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، اس پابندی میں مزید 24 گھنٹے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں اس فیصلہ سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ سیاحوں کیلئے اسلام آباد کے راستے مری اور گلیات جانے کےلئے پابندی مزید چوبیس گھنٹے برقراررہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران مری اور ملحقہ علاقے کے رہائشیوں کو صرف شناختی کارڈز دکھا کر گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔

https://twitter.com/x/status/1480167439845396482
شیخ رشید نے کہا کہ مری اور گلیات کی صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں، سیاحوں کے لئے مری اور گلیات جانے کا فیصلہ صورت حال دیکھ کرکیاجائیگا۔

واضح رہے کہ برفباری کا موسم شروع ہوتے ہی ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری کا رخ کیا ہوا تھا جس کی وجہ سے مری میں سیاحوں اور مری کی طرف جانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کا شدید دباؤ پیدا ہوگیا تھا، گزشتہ سے پیوستہ رات ایسی ہی صورتحال میں شدید برفانی طوفان آیا جس میں سڑکوں پر موجود گاڑیاں پھنس گئی ، اندر موجود لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے ہیٹرز آن کیے جس کے باعث اب تک 21 افراد کے دم گھٹنے سے اموات کی اطلاعات ہیں۔