ملک بھر میں کوویڈ ویریئنٹ اومیکرون کے پھیلاؤ میں کمی کا سلسلہ جاری

omicron111.jpg


ملک کے مختلف شہروں میں کوویڈ اومیکرون کے مثبت کیسز کی شرح کے اعداد وشمار جاری کردیئے گئے جس کے تحت اومیکرون کے پھیلاؤ میں کمی کا رجحان جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت مختلف شہروں میں مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، جاری شدہ اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں کیسز شرح کم ہوکر18.43 فیصد، لاہور12.69فیصد، پشاور24 فیصد اور اسلام آباد 10.86فیصد پر آگئی ہے۔

میرپور خاص میں 17.51فیصد، ایبٹ آباد 20 فیصد اور گلگت بلتستان میں شرح 20.93فیصد ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 830 افراد کے کورونا وائرس کا شکار ہوئے، پشاور میں 13 فیصد، اسلام آباد میں 21 فیصد، لاہور میں 20 فیصد اور گوجرانولہ میں 8 فیصد کووڈ19 کے مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 13 لاکھ 12 ہزار 819 ہو چکی ہے جبکہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29 ہزار 372 ہو چکی ہے۔


دوسری جانب ڈنمارک میں ہونے والی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اومیکرون کی ذیلی قسم بی اے 2 زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے۔

پری پرنٹ سرور میڈرکس میں شائع ہونے والے تحقیقاتی نتائج کے مطابق مکمل ویکسینیشن کروانے اور بوسٹر ڈوز لگوانے افراد بھی اومیکرون سے متاثر ہوسکتے ہیں تاہم ان سے وبا آگے پھیلنے کا امکان کم ہوتا ہے۔