ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.35 فیصد پر آگئی،رپورٹ جاری

7mehgai.jpg

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں 21 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.35 فیصد پر آگئی، سب سے کم آمدنی والے افراد کے لیے مہنگائی سب سے زیادہ 19.21 فیصد رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے رپورٹ میں کہا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے میں 21 اشیاء مہنگی ہوئیں، ایک ہفتے میں دال مسور 4 روپے 77 پیسے فی کلو ، دال ماش 5 روپے 62 پیسے، دال مونگ 3 روپے 41 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی،جبکہ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 9 روپے 63 پیسے مہنگا ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق بیف ایک روپے 30 پیسے اور مٹن ایک روپے 98 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔تاہم ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں ٹماٹر 19 روپے 53 پیسے فی کلو ، پیاز 3 روپے 25 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ زندہ مرغی 19 روپے 40 پیسے فی کلو سستی ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی ایک روپے 42 پیسے فی کلو سستی ہوئی، انڈے 2 روپے 66 پیسے فی درجن، آلو 4 پیسے فی کلو سستے ہوئے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 6 روپے 84 پیسے سستا ہوا، حالیہ ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں مزید بھی کمی ہو گی۔

https://twitter.com/x/status/1466729389555597320