منی بجٹ منظور ہونے کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی ہونا شروع

dollar.jpg


حکومت کی جانب سے منی بجٹ کی منظوری کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہونا شروع ہوگیا ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انٹر بینک میں آج مثبت کاروباری رجحان دیکھا گیا اور اس دوران امریکی ڈالر 0اعشاریہ18 فیصد سستا ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق آج کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 31 پیسے کمی دیکھی گئی جس کے بعد 176 روپے38 پیسے سے کم ہوکر امریکی ڈالر176روپے7 پیسے کا ہوگیا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1481927243664437249
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بہتر کارکردگی کے حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان گزشتہ روز حکومت کی جانب سے منی بجٹ منظور کروائے جانے کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے 31 جنوری کو 1 ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ پروگرام بحال ہوگا دیگرعالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کو قرضہ دینے پر آمادہ ہوجائیں گے، یہی وجوہات ہیں جن کے اثرات آج کرنسی مارکیٹ میں دیکھے گئے ہیں اور ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

یادرہے کہ گزشتہ روز حکومت نے 343 ارب روپے مالیت کے سپلیمنٹری فنانس ترمیمی بل کو قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کروالیا ہے، اس فنانس بل کی قومی اسمبلی سے منظوری عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام بحالی کی دیگر شرائط میں سے ایک تھی۔