میں خیبرپختونخوا میں بھی جادو چلاسکتا ہوں،زرداری کادعویٰ

asif-zadiahha.jpg


سابق وزیرمملکت آصف علی زرداری نےکہا ہے کہ عمران خان چھوٹی سوچ کے مالک انسان ہیں، ان کی سوچ سیاسی نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے آج نیوز کے پروگرام"فیصلہ آپ کا " میں اینکر عاصمہ شیرازی کو خصوصی انٹرویو دیا، اس موقع پر آصف علی زرداری نےماضی و مستقبل کی سیاست کے حوالے سے تمام سوالات کا کھل کر جواب دیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

پروگرام کے دوران جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ خود آج کی حکومت یہ کہتی ہے کہ عمران خان کی حکومت خود اپنے وزن سے گررہی تھی تو پھر ان تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر اسے دھکا کیوں دیا؟

آصف علی زرداری نے کہا کہ کچھ فیصلےہوتے ہیں جو وزیراعظم کو کرنے ہوتے ہیں، عمران خان کی سوچ چھوٹی ہے،یہ سیاسی سوچ تونہیں رکھتے تو اگر یہ غلط فیصلے کردیتا تو قوم کیلئے، آپ کیلئے ، میرے لیے رہنا مشکل ہوجاتا، سیاست میں جیت اور ہار ہوتی رہتی ہے، میں پہلے بھی اپوزیشن بینچز پر بیٹھ چکا ہوں، پہلے بھی بیٹھے ہیں، پہلے بھی جیلیں کاٹی ہیں تو دوبارہ بھی کاٹ لیں گے اس میں کونسی بڑی بات ہے۔

عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے اعلان سے متعلق سوال پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات جمہوریت کیلئے اچھے ہیں اور نا ہی ہمارے لیے اچھے ہیں،ا گر انہوں نے اسمبلیاں توڑیں توپھر انتخابات ہوں گے، پھر میں دیکھوں گا کہ عمران خان کتنے ایم پی ایز بناتا ہے، پنجاب میں میرے پاس نمبرز موجود ہیں، میں نمبرز بڑھا بھی سکتا ہوں اور کے پی کے میں بھی جادو چلاسکتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پرویز الہیٰ سے بھی بہتر آپشنز ہوسکتے ہیں، میں نے پرویز الہیٰ کو ڈپٹی وزیراعظم بنایا، 17 وزارتیں دے چکا ہوں تاہم اب پرویز الہیٰ دوریوں میں ہیں، اگر یہ پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیاں توڑیں گے تو ہم ان کے خلاف انتخابات لڑیں گے اور اگر اسمبلیاں نہیں توڑیں گے تو ہم اپوزیشن کرتے رہیں گے۔

عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے متعلق سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دو مہینوں میں خود کو 2 گولیاں لگوا کر 25 ہزار آدمی اکھٹے کروں تو کیا اسے مقبولیت کہا جائے گا؟