ننکانہ صاحب، سکھ برادری کی جانب سے میلاد کی محفل کا انعقاد

3%D9%86%D8%A7%D9%86%DA%A9%D8%A7%D9%86.jpg

تاریخ میں پہلی بار سکھ برادری کی مذہبی عبادت گاہ گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں محفلِ میلاد منعقد کی گئی جس کے انتظامات سکھ برادری کی جانب سے کیے گئے، دنیا بھر کے مسلمان میلاد کی محافل نبی آخر الزمان ﷺ کے ماہِ ولادت ربیع الاول کے دوران مناتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رسول اکرم ﷺ کے ماہِ ولادت ربیع الاول کے دوران گوردوارہ جنم استھان شری ننکانہ صاحب میں گوپال سنگھ چاؤلہ اور منہاج القرآن انٹر فیتھ ہارمنی کے زیر انتظام پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محفلِ میلاد منائی گئی۔


پنجابی سکھ سنگت کے سربراہ سردار گوپال سنگھ چاؤلہ کا کہنا ہے کہ گوردوارہ صاحب میں محفلِ میلاد کا انعقاد پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ اس محفلِ میلاد کی تقریب سے ڈاکٹر حسین محی الدین سمیت دیگر علمائے کرام نے خطاب بھی کیا۔


یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی ننکانہ صاحب میں ربیع الاول کی آمد پر گردوارہ جنم استھان سمیت تمام گردواروں اور مسیحی برادری کے گرجا گھروں کو بھی خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گیا تھا۔ سکھ برادری کے ہمراہ مسیحی برادری نے بھی عید میلاد النبی ﷺ منائی تھی۔


ننکانہ صاحب میں عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس جب گوردوارہ جنم استھان پہنچتا ہے تو اس کا سکھ برادری شاندار استقبال کرتی ہے۔ جلوس کے شرکا پر گل پاشی ہوتی ہے۔ سکھ برادری جگہ جگہ کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگاتی ہے۔
 
Advertisement
Sponsored Link