نوابشاہ سے آصف زرداری کے خلاف مدمقابل رہنما پی ٹی آئی میں شامل

sheir11h1h1i1.jpg


پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف ممکنہ لانگ مارچ سےقبل ہی بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے، سندھ سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی و سماجی شخصیت نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان و سماجی شخصیت شیر محمد رند نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نوابشاہ سے تعلق رکھنے والے شیر محمد رند نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اورسابق وفاقی علی زیدی بھی موجود تھے، اس موقع پر شیر محمد رند نے اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔
https://twitter.com/x/status/1572983367968194562
اجلاس میں شیر محمد رند نے عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی کے منشور پر مکمل طور پر اعتماد کا اظہار کیا، عمران خان نے پارٹی میں شمولیت کے شیر محمد رند کے فیصلے کو سراہا اور اس کا خیر مقدم کیا۔

واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں شیر محمد رند نے گرینڈ ڈیموکریٹک کے امیدوار کی حیثیت سے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف الیکشن لڑا اور 53 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، تاہم وہ فتح یاب نہیں ہوسکے بلکہ آصف علی زرداری نے نشست جیت لی تھی۔