نوازشریف کی نااہلی ختم کرانے کیلئے عمران کو دباؤ میں لانے کی کوشش،عارف حمید

nawazhh111i1i.jpg


سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ ن لیگ سمجھتی ہے کہ عمران خان کی مقبولیت کا مقابلہ کرنے کیلئے نواز شریف کی واپسی ضروری ہے۔

جی این این کے پروگرام "خبر ہے" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت سے معاملات سنبھالے نہیں جارہے،یہ اپنی کروائی گئیں یقین دہانیوں کو ہی پورا نہیں کرپارہے،اب صورتحال یہ ہے کہ اگر ن لیگ نے تحریک انصاف سے مقابلہ کرنا ہے تو نواز شریف کو واپس لانا ناگزیر ہوگیا ہے، اب اس وقت کوششیں ہورہی ہیں کہ کوئی ایسا طریقہ نکالا جائے کہ نواز شریف واپس آئیں اور گرفتار نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ یہ سمجھ چکی ہے کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان دو تہائی اکثریت باآسانی لے جائیں گے، عمران خان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی اور اداروں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، مگر عمران خان نے ایک تقریر کرکےا س کی بھی وضاحت دیدی ہے کہ یہ میرے ادارے ہیں اور ان سے کوئی اختلاف نہیں ہے ۔

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ن لیگی حلقے یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں نہیں جایا جاسکتا، عمران خان کی مقبولیت کامقابلہ کرنے کیلئے نواز شریف کی واپسی ضروری ہے، تاہم نوا زشریف آ بھی گئے تو عمران خان کی مقبولیت کم نہیں ہوسکتی اسی لیے حکومت انہیں ٹیکنیکل طریقےسے ناک آؤٹ کروانے کی کوشش کررہی ہے۔

سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ اس وقت مائنس آل ناممکن ہے،تمام جماعتوں کو مائنس کردیں گےتو عوام کی نمائندگی کون کرے گا؟ یہ70یا80 کی دہائی نہیں ہے،اس وقت ہر کسی کے پاس موبائل فون موجود ہے اور ہر کوئی باخبر ہے۔