ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا جلد کمی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے روپے کی قدر میں کمی کے خلاف رہا ہوں، جلد امریکی ڈالر 200 روپے سے بھی نیچے آجائے گا۔ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا جلد کمی ہو گی۔
ڈالر کی قدر 200 روپے سے اوپر نہیں، 24 دنوں کے اندر ڈالر میں 24 روپے کی کمی کی جا سکتی ہے۔ لندن سے پاکستان واپسی کے لیے جہاز میں بیٹھنے پر ڈالر کی قدر میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی جبکہ گزشتہ سوموار سے اب تک ڈالر کی قدر میں 18 روپے کی کمی ہوئی اور 10 دنوں کے اندر ڈالر کا گیپ 1 روپے پر آ چکا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سسٹم کو فری فلوٹ نہیں چھوڑ سکتے، ایکسچینج ریٹ کو فری فلوٹ ہونا چاہیے اور اسے مانیٹر کرنے کی ذمہ داری سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے غلط معاشی اقدامات کا ملبہ ہم پر ڈال دیا گیا، پیرس کلب کے قرضے ری شیڈول کرونا ہمارا آخری آپشن ہو گا۔ ماہ اکتوبر میں 5 روپے پٹرول پر لیوی لگنی تھی جو نہیں لگائی، مہنگائی کی شرح کو 12 سے 14 فیصد تک لے آئیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کی تمام شرائط پر مکمل عملدراآمد کریں گے۔
وزیر خزانہ ورہنما ن لیگ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو ریاست سے بالا سمجھتے ہیں، انہیں اس بار دھرنے کی اجازت نہیں ملے گی، وزیر داخلہ دھرنا روکنے کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کریں گے۔سیکرٹری ای سی پی اور چیئرمین نادرا کی تقرری عمران خان کی مرضی سے ہوئی، اگر انہیں کوئی چیز پسند نہ آئے تو تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں، ان کی طرز سیاست غلط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 62 ایف ون کا معاملہ پارلیمنٹ میں لائیں گے، تاحیات نااہلی قانون میں ترمیم کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کافی ہوگی، ڈرافٹ لندن سے بناکر بھیجا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) راناشمیم پر پریشر ہوگا اس لیےانہوں نے اپنی جان چھڑا لی مگر میاں محمد نوازشریف کے کیسز ختم ہوجانے چاہئیں تھے، نواز شریف کا علاج چل رہا ہے،ان کا کچھ علاج باقی ہے، لندن سے واپسی پر تمام کیسز ہوا میں اڑجائیں گے۔ کسی کے صادق وامین نہ رہنے پر آئین خاموش ہے،62 ایف ون بارے چیف جسٹس خود کہہ چکے ہیں کہ یہ غیرمنصفانہ ہے۔ دریں اثنا انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیکس ادا کرنے میں کبھی بھی تاخیر نہیں کی، میرے خلاف بنایا گیا کیس بالکل جعلی ہے۔