نواز شریف کب واپس آ رہے ہیں ؟ جاوید لطیف کا پروگرام میں نیا دعویٰ

jvdd-nawz.jpg


نواز شریف چند ہفتوں میں واپس آرہے ہیں،لیگی رہنما جاوید لطیف

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کی خبریں، ن لیگ اور حکومت کی جانب سے الگ الگ دعوے سامنے آرہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف کہتے ہیں کہ چند ہفتوں کی بات ہے، نواز شریف واپس آرہے ہیں،انہوں نے اس بات کا انکشاف ہم نیوز کے پروگرام ’بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘ میں کیا۔

پروگرام میزبان محمد مالک نے جاوید لطیف سے نواز شریف کی واپسی سمیت دیگر سوالات کئے،ن لیگ کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے ہم نیوز کے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ 15 دسمبر سے حکومت وقت کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں،جاوید لطیف نے کہا کہ شبلی فراز نے کہا ہے کہ کوروناکی وجہ سے ساڑھے 300 ارب کے ٹیکس لگانے پڑ رہے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے کہا کہ آٹا اور چینی سمیت موجودہ حکومت کے دور میں کئی اسکینڈلز سامنے آئے،دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان میں گزشتہ چار سالوں کے دوران کرپشن بڑھی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ ہاتھ اٹھا نہیں ہے اب بھی ہاتھ اوپرہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ اپنی جگہ پر ہونا چاہیے، ہاتھ کسی کے کاندھے پربھی نہیں ہونا چاہیے،موجودہ حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے، لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔


اس سے قبل جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا سن کر حکومت کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں، عمران خان بتائیں کہ ن لیگی قائد کی واپسی کا راستہ کون بنارہا ہے؟کیا کوئی پاکستانی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے؟ پی ٹی آئی کے خلاف ہر شخص احتجاج کررہا ہے،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالےسے کہا کہ 23 مارچ 2022ء سے پہلے حکومت پر سے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ اٹھ جائے گا۔

دوسری جانب پروگرام میں شریک وفاقی وزیر زرتاج گل نے کہا تھا کہ نوازشریف وطن واپس نہیں آنا چاہتے ہیں، ان کو واپس لایا جائے گا، پی ٹی آئی کا پنجاب میں مقابلہ ن لیگ اور سندھ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوگا۔