وائٹ ہاؤس سے غائب اہم دستاویزات ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سےملنے کا انکشاف

6trumpdastaweeaat.jpg

بڑا انکشاف سامنے آگیا، وائٹ ہاؤس سے غائب ہونے والے اہم دستاویزات سابق امریکی صدر کے گھر سے برآمد ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن سے منسوب "محبت نامے" سمیت اہم خطوط اور دستاویزات وائٹ ہاوَس سے غائب ہو گئے تھے جو کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے برآمد ہوئے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی صدارتی مدت ختم ہونے کے بعد جب وائٹ ہاؤس سے رخصت ہوئے تو متعدداہم سرکاری خطوط اور دستاویزات بھی اپنے ہمراہ لے گئے تھے، قانونی طور پر ان اہم دستاویزات کو نیشنل آرکائیوز میں محفوظ کیا جانا تھا۔


رپورٹ میں دستاویزات کی تفصیل بھی فرراہم کی گتئی ہے جس کے مطابق ان خطوط میں شمالی کوریا کے حکمراں سے ہونے والی خط و کتابت بھی شامل ہے جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے ’محبت نامے‘ قرار دیا تھا ۔ اسی طرح باراک اوباما کو لکھے گئے خطوط بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی نجی لگژری پراپرٹی سے برآمد ہوئے ۔

مزید بتایا گیا ہے کہ جنوری میں امریکا کے ادارے نیشنل آرکائیوز کے ملازمین نے کارروائی کرتے ہوئے ڈبوں میں بند اہم دستاویزات سابق صدر کی لگژری پراپرٹی سے واپس لائے اور جنہیں نیشنل آرکائیوز کا حصہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں کا کہنا ہے کہ 75 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان تمام سرکاری خطوط اور دستاویزات کو اپنے پاس بری نیت سے نہیں رکھا تھا۔