وزیر اعظم نے تمام وزرا کو بیرون ملک جانے سے کیوں روکا؟ اندرونی کہانی

safar-11-21.jpg


وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، گلاسگو کانفرنس میں وزیرمملکت زرتاج گل اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے درمیان جھگڑے کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنماؤں کے بیانات کا سخت نوٹس لیا ہے، کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے تھے، وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ کانفرنس میں وزرا سے متعلق جو بیانات دیے گئے وہ انتہائی افسوس ناک ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ کوئی وزير اجازت کے بغیر بیرون ملک نہيں جائے گا، اگلے تین چار ماہ معاشی معاملات کیلئے اہم ہیں، حکومت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لہٰذا وزرا اپنی اپنی وزارتوں میں رہیں۔


وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گلاسگو کانفرنس میں پاکستان کا نام سرفہرست رہا، ملک امین اسلم نے کانفرنس میں پاکستان کی زبردست نمائندگی کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کو ریاض فتیانہ کو این جی او کے ذریعے گلاسگو جانے اور وزیروں پر الزام لگانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ریاض فتیانہ نے الزام لگایا تھا کہ برطانیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیات کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر زرتاج گل اور وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم کے درمیان لڑائی ہوگئی تھی اور زرتاج گل کانفرنس چھوڑ کروطن واپس آ گئیں۔