وزیر اعظم کا دورہ چین:کئی کاروباری، صنعتی یونٹس پاکستان آنے کی امید

imran-khan-china-nd-pcc.jpg


وفاقی وزراء نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کو انتہائی اہمیت کاحامل قرار دیتے ہوئے کئی کاروباری و صنعتی یونٹس کے پاکستان آمد کی امید ظاہر کی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اور حکومتی اراکین وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے پرامید نظر آرہے ہیں ، وفاقی وزراء کا ماننا ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع کی تفصیلات سے متعلق شائع کی گئی خصوصی کتاب"پچ بک" بھی ہمراہ لے کر جائیں گے جو چینی صدر، وزیراعظم اور اہم کاروباری شخصیات کو پیش کی جائے گی۔

اس خصوصی کتاب میں پاکستان میں شعبہ جاتی بنیادوں پر تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے شعبوں اور حکومتی سہولیات کا ذکر شامل ہے۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چین کے مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے،اس دورہ کے بعد چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹ پاکستان منتقل ہوں گے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی اور اس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا جذبہ خیرسگالی پہنچانا ہے۔فواد چوہدری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جنگ پنگ اور مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے بعد کاروباری اور صںعتی یونٹس کے پاکستان منتقلی کی امید ہے۔

 
Last edited by a moderator: