وضاحت کافی نہیں، پاکستان نے بھارت سے اہم سوالوں سے جواب مانگ لیے

10pakistanindiamushtarkateqiqat.jpg

پاکستان علاقے میں بھارتی میزائل گر کر پھٹنےکے معاملے پر وزارت خارجہ نے بھارت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت حکام کی جانب سے غلطی سے میزائل فائر ہونے اور اس کے پاکستان علاقے میں گر کر پھٹنے سرکاری اعتراف کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے اندرونی تحقیقات کے فیصلے کو مستردکرتے ہوئے بھارت سے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو وضاحت کرنا ہوگی کہ میزائل پاکستان میں کیسےداخل ہوا، اس معاملے پرصرف اعترافی بیان یا سادہ وضاحت کافی نہیں بھارت کو اہم سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے۔


وزارت خارجہ نے بھارت سے سوال کیا کہ کیسے میزائل اپنا رخ موڑ کر پاکستان کی جانب آگیا؟ میزائل خود کو تباہ کرنے کے طریقہ کار سے لیس تھا؟ بھارت حادثاتی میزائل لانچ اور اسے روکنے کے طریقہ کار کی بھی وضاحت کرے۔

وزارت خارجہ کے مطابق بھارت کو میزائل کے روٹ، اس کی لانچنگ اور رفتار سے متعلق تفصیلات بھی سامنے لانا ہوں گی ساتھ ہی میزائل کی ساخت، قسم اور اس کی خصوصیات سے متعلق بھی پاکستانی حکام کو آگاہ کرنا ہوگا۔

بھارت سے پوچھا گیا کہ بتایا جائے کیسے بھارت میں میزائلوں کی روزمرہ دیکھ بھال کے دوران ایک میزائل کو لانچ کرکے رکھا گیا؟ بھارت نے پاکستانی حکام کی جانب سے معاملے کو اٹھائے جانے تک اس غلطی کا اعتراف کیوں نہیں کیا؟ میزائل کو ہینڈل کرنے میں واقعی شرپسند عناصر تھے یا بھارت کی مسلح افواج اس غلطی میں ملوث ہیں؟

پاکستان نے بھارت کی جانب سے واقعہ کی اندرونی عدالتی تحقیقات کے فیصلے پرافسوس کا اظہار کرتےہوئے اسے مستردکیا اور کہا کہ اس واقعہ سے سنگین نوعیت کی کئی تکنیکی خامیاں سامنے آتی ہیں، اندرونی عدالتی تحقیقات کافی نہیں ہیں بلکہ اس معاملے پر مشترکہ تحقیقات کی جانی چاہیے۔